ابنا: ذرائع کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان 14 سال بعد ملاقات ہونے والی ہے۔ ہندوستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز جنرل ونود بھاٹیا 24/ دسمبر کو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز جنرل عامر ریاض سے ملنے واہگہ پہنچیں گے۔ہندوستان اور پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی آخری ملاقات 1999ء میں کارگل میں چھائے جنگ کے بادلوں میں واہگہ پر ہندوستان کے سرحدی علاقے اٹاری میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں ہم منصبوں کے درمیان مختلف مواقعوں پر ہاٹ لائن پر گفتگو معمول کے مطابق چلتی رہی تاہم بالمشافہ ملاقات نہیں ہوئی تھی۔طے پایا ہے کہ 24 دسمبر کو واہگہ بارڈر پر پاکستان کے جنرل عامر ریاض میزبان اور ہندوستان کے جنرل ونود بھاٹیہ کے درمیان ملاقات ہوگی جس کا مقصد لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کم کرنا اور فریقین کی جانب سے امن و امان کے اقدامات کو یقینی بنانا بتایا گيا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں افسران بھی پہلی بار ایک دوسرے سے ملیں گے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دونوں ممالک، کنٹرول لائن پر ہونے والی خلاف ورزیوں کے معاملے پر ایک دوسرے پر انگلی اٹھاتے رہے ہیں یہ ملاقات اس بات کو ثابت کرنے کے لیے کافی ہے کہ تعلقات کی بہتری کے لیے کام کرنے والی بیک چینل سفارت کاری کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔
.......
/169